پولیس کی بکتر بند گاڑی آتے ہی ڈنڈا بردار کارکنان زمان پارک جمع ہونا شروع

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس کی بکتر بند گاڑی آتے ہی تحریک انصاف ڈنڈا بردار کارکنان زمان پارک جمع ہونا شروع ہو گئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق عمران خان کی گرفتاری سے متعلق لاہور میں چہ مگوئیاں زور پکڑنے لگی ہیں، لاہور پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر بکتر بند گاڑی پہنچائی تو کارکنان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور زمان پارک کے ارد گردڈنڈا بردار کارکنان کی تعداد بڑھنے لگی۔ لاہور پولیس بکتر بند گاڑی زمان پارک لائی تو تحریک انصاف کی قیادت الرٹ ہو گئی، رہنماؤں نے پولیس سے پوچھا کہ بکتر بند گاڑی کیوں لائے، پولیس نے ٹال مٹول کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حفاظت کیلئے اقدام اٹھایا۔
قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے لاہور پہنچنے کے بعد زمان پارک جانے کیلئے مشاورت شروع کر دی، لاہور پولیس نے پہلے ہی عمران خان کی گرفتاری کیلئے وفاقی پولیس کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروا رکھی ہے۔