"تم نے یہ پینگوئن جیسا لباس پہن رکھا ہے" آسٹریلیا میں مسلمان خاتون کی حجاب کی وجہ سے تضحیک

کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک اور مسلمان خاتون کو حجاب کی وجہ سے تضحیک کا نشانہ بنا ڈالا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق سیوانا نامی اس خاتون کا تعلق آسٹریلوی شہر سڈنی سے ہے، جس نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اپنے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کے متعلق بتایا ہے۔
سیوانا بتاتی ہے کہ میں سڈنی ایکویریم میں جاب کرتی ہوں۔ میں گزشتہ روز معمول کی طرح اپنے کام پر تھی کہ ایک شخص میرے پاس آیا اور میرے حجاب کی طرف اشارہ کرکے کہنے لگا کہ ”تم نے یہ پینگوئن جیسا لباس پہن رکھا ہے؟“اس کی یہ بات سن کر مجھے شدید جھٹکا لگا اور فوری طور پر مجھے سمجھ نہ آئی کہ اسے کیا جواب دوں، چنانچہ میں نے کہہ دیا کہ ”ہاں میں پینگوئن ہوں۔“
سیوانا کہتی ہے کہ جب وہ شخص سیلز ایریا کے آخر میں پہنچ گیا تو میں نے اسے پکار کر کہا کہ میں پینگوئن نہیں ہوں۔ اس پر وہ کہنے لگا کہ ”آئی ایم سوری، مجھے لگا کہ تم پینگوئن ہو۔“ یہ کہہ کر وہ آگے بڑھ گیا۔ اس ویڈیو پر کمنٹس میں صارفین اس آدمی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایک شخص نے سیوانا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”آپ اسے کہتیں کہ آپ ’نن‘ (عیسائی مذہبی خواتین، جو حجاب پہنتی ہیں)۔ یہ سن کر وہ یقینا اپنی بات پر شرمندہ ہو جاتا۔“