سکول اساتذہ کے مابین کرکٹ، بیڈمنٹن، رسہ کشی مقابلے کرانے کا فیصلہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے سکول اساتذہ کے لیے صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف سطحوں پر اساتذہ کے درمیان کرکٹ، بیڈمنٹن اور رسہ کشی جیسے مقابلے ہوں گے۔اجلاس میں پنجاب بھر سے اساتذہ سپورٹس کمیٹی کی نمائندگی کر رہے تھے،جبکہ ٹیچر رہنماؤں آصف رامے، نزاکت بلوچ، عامر جٹ، عادل اولکھ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کیے جائیں گے۔اساتذہ نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور ان کی جانب سے اساتذہ کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔اس حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی صحت اور فلاح کے لیے اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد ضروری ہے تاکہ ان کی توانائی اور جوش کو بہتر طریقے سے پروان چڑھایا جا سکے۔