جان کیری اورصدر محمود عباس ملاقات کریں گے،امریکی محکمہ خارجہ

جان کیری اورصدر محمود عباس ملاقات کریں گے،امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(ثناءنیوز) امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری رواں ہفتے فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے جس میں امکان ہے کہ مشرقِ وسطی امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات زیرِ غور آئیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماو¾ںکے درمیان یہ ملاقات جمعرات کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہوگی۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے جب امریکی کوششوں سے جاری اسرائیل اور فلسطین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا سلسلہ معطل ہوئے ایک ماہ ہونے کو آرہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ اور فلسطینی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گفتگو کا محور امریکہ اور فلسطین کے باہمی تعلقات رہیں گے۔توقع ہے کہ دورانِ ملاقات امریکی وزیرِ خارجہ فلسطینی اتھارٹی اور'حماس' کے درمیان حال ہی میں ہونے والی مفاہمت کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔امریکہ 'حماس' کو دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے اور خبردار کرچکا ہے کہ اگر مفاہمتی سمجھوتے کے تحت 'حماس' اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان اشتراکِ عمل ہوا تو امریکہ فلسطینی حکومت کی امداد روک دے گا۔امریکی کانگریس کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کو سالانہ 50 کروڑ ڈالر تک امداد دی جاتی ہے۔

 لیکن اگر حماس فلسطینی حکومت میں شامل ہوگئی تو امریکی قانون کے تحت فلسطینی اتھارٹی کو امداد نہیں دی جاسکے گی کیوں کہ اس صورت میں اس امداد تک ایک ایسی تنظیم کو بھی رسائی حاصل ہوگی جسے امریکہ دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔ واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پساکی نے بتایا کہ مشرقِ وسطی امن مذاکرات کی بحالی کا امکان موجود ہے لیکن فلسطینی صدر کے ساتھ امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات کا مقصد امریکہ اور فلسطین کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ترجمان کے بقول جان کیری ماضی کی طرح اس بار بھی فریقین کو پیغام دیں گے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے مذاکراتی عمل کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔

مزید : عالمی منظر


loading...