امریکہ نے مغوی طالبات کی تلاش کیلئے طیارے نائیجیریا بھیج دیئے

امریکہ نے مغوی طالبات کی تلاش کیلئے طیارے نائیجیریا بھیج دیئے

 واشنگٹن (آن لائن)امر یکی محکمہ دفا ع پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا نے دو سو سے زائد مغوی طالبات کی تلاش کے لیے ’انسان بردار‘ نگرانی کرنے والے طیارے نائیجیریا بھیجے ہیں۔ امریکا کے مطابق اس انٹیلیجنس مشن کے لیے نائجیریا کی حکومت سے اجازت لی گئی ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس خفیہ مشن کے ذریعے سراغ لگایا جائے گا کہ مغوی لڑکیوں کو کس جگہ رکھا گیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، ”ہم نے نائیجیریا کے حکام کے ساتھ کمرشل سیٹیلائٹ سے لی جانے والی تصاویر شیئر کی ہیں اور ہم نائجیریا کی حکومت کی اجازت سے انسان بردار آئی ایس آر (انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی) پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کس قسم کے ہوائی جہاز تعینات کیے گئے ہیں اور انہیں کہاں سے لایا گیا ہے۔عسکریت پسند گروپ بوکو حرام کی طرف سے مغوی طالبات کی ایک نئی ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس کا امریکی ماہرین بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ سراغ لگایا جا سکے کہ اسے کس علاقے میں فلمایا گیا تھا۔ امریکی دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا، ”ہمارے خفیہ ماہرین اس ویڈیو کا ہر طرح سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کوئی سراغ مل سکے اور لڑکیوں کو بچایا جا سکے۔اس تازہ ویڈیو میں اسلامی گروپ بوکو حرام کے لیڈر ابوبکر شیکاو نے کہا ہے کہ بوکو حرام کے تمام قیدیوں کی رہائی کے بدلے ان لڑکیوں کو رہا کیا جا سکتا ہے۔

 لیکن نائجیریا کی حکومت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

مزید : عالمی منظر


loading...