لاہور سٹاک مارکیٹ: ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈ کی لسٹنگ کی منظوری

لاہور سٹاک مارکیٹ: ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈ کی لسٹنگ کی منظوری

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور سٹاک ایکسچینج نے ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈ کی طرف سے لسٹنگ کیلئے دی گئی درخواست تمام قواعدو ضوابط کی تکمیل کے بعد باقاعدہ طورپر لسٹنگ کی منظوری دے دی۔ کمپنی کے حصص کا لین دین بدھ 14 مئی سے شروع ہو جائے گا جو کہ T+2 سیٹلمنٹ کی بنیاد پر ہو گا جس کی پہلی کلیئرنگ 16مئیءکو ہو گی۔ دس روپے فی حصص کی بنیادی قیمت کے ساتھ شیئرز کی مارکیٹ لاٹ 500 حصص پر مشتمل ہو گی۔ سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) کی طرف سے کمپنی کے حصص پہلے سے ہی سی ڈی سی کے اہل قرار دئیے جا چکے ہیں ۔ حصص کے خریدو فروخت کی سیٹلمنٹ نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (این سی سی پی ایل)کرے گی۔کمپنی کو سیکیورٹی سمبل (HASCOL) الاٹ کیا گیا ہے۔

 بک بلڈنگ کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد حصص کی قیمت 56.50 روپے کھولی جائے گی جس پر5% کا عمومی سرکٹ بریکر قابل عمل ہو گا۔ کمپنی کو ایل ایس ای کی ریڈی بورڈ کوٹیشن کے ( آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیز )سیکٹر میں رکھا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کمپنی کے باقاعدہ لسٹنگ کے بعد ایل ایس ای پر لسٹڈ کمپنیوں کی تعدادبڑھ کر چار سوچونتیس (434) ہو جائے گی۔ لاہور سٹاک ایکسچینج کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب احمد چوہدری نے ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈ کے حصص کی14 مئی بدھ سے ریڈی بورڈ پر آنے پر کمپنی کی مینجمنٹ اور سرمایہ کاروں کو مبارک باد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈ کے حصص کی لاہور سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ شروع ہونے سے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچے گا اور کمپنی کی کارکردگی بہتر ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سٹاک ایکسچینج نے ہمیشہ نئی لسٹڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ہیسکول پٹرولیئم لمیٹڈبھی سرمایہ کاروں کے لئے ایک اچھی کمپنی ثابت ہو گی۔

مزید : کامرس


loading...