پنجاب بھر میں 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاہدف مقرر

پنجاب بھر میں 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاہدف مقرر

فیصل آباد (بیورورپورٹ) پنجاب بھر میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاہدف مقرر کردیاگیاہے اور زرعی افسران کو کاشت کاہدف مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کوتاہی پر متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی کا عندیہ بھی دے دیاگیا ہے ۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ چونکہ گندم کی کٹائی و گہائی میں موسمی تغیرات کے باعث کچھ تاخیر ہوئی ہے اس لئے کپاس کی بروقت کاشت میں کچھ مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے تاہم اس وقت تک 13لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کاعمل مکمل کرلیا گیاہے جبکہ باقی رقبہ پر کپاس کی کاشت کیلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت سے 10.5ملین گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال 54لاکھ 34ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت سے 91لاکھ45ہزار گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال 23من فی ایکڑ کے حساب سے اوسطاً کپاس حاصل کی گئی تھی مگر اس بار یہ ہدف تقریباً 24 من فی ایکڑ مقرر کیاگیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کاشتکاروںکی بھرپور رہنمائی کریں تاکہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے لحاظ سے مقرر کردہ ٹارگٹس حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام پر واضح کردیا گیاہے کہ اس ضمن میں کوئی غفلت یالاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید : کامرس


loading...