پاکستانی نژاد نارویجن سپرماڈل صنم بخاری نے فلموں میں کام سے معذرت کرلی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نژادنارویجن سپر ماڈل صنم بخاری کی کراچی میں ہونے والے فیشن ویک کے دوران ریمپ پر جادوگری کے بعد ٹی وی کمرشلز اور فوٹوشوٹسکیلئے معروف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے رابطے جبکہ فلموں میں مرکزی کرداروں کی آفرز کی بھی لائن لگ گئی۔ تاہم نارویجن ماڈل نے فلموں میں کام سے معذرت کرتے ہوئے ٹی وی کمرشلز اور فوٹو شوٹ کرنے کی رضامندی ظاہر کردی۔ اس سلسلہ میں ”ایکسپریس“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صنم بخاری نے بتایا کہ کراچی میں منعقدہ فیشن ویک میں جہاں پاکستان کے بہترین ڈریس، جیولری ڈیزائنرز، ہیئر سٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ نے اپنے ہنر کا جادو دکھایا، وہیں پاکستان کی سپر ماڈلز کے ہمراہ ریمپ پر مختلف ڈیزائنرز کے ملبوسات، جیولری کے دیدہ زیب ڈیزائن کے ساتھ کیٹ واک کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ ہال میں موجودہ مختلف شبعہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے اچھا رسپانس ملا اور اسی کی بدولت میں نے مزید بہتر انداز سے ریمپ پر واک کی۔ انہوں نے کہا کہ تین روز تک جاری رہنے والا فیشن میلہ کسی بھی اندازے سے انٹرنیشنل معیار سے کم نہ تھا۔ فیشن کے بدلتے رجحانات اور پاکستان کے کلچر کو جس انداز سے ڈیزائنرز نے متعارف کروایا وہ قابل ستائش تھا۔ مجھے اس مرتبہ فیشن ویک کا حصہ بن کر بہت اچھا لگا اور مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ پاکستان فیشن انڈسٹری کا معیار دن بہ دن بین الاقوامی معیار کے قریب پہنچ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صنم بخاری نے بتایا کہ فیشن ویک کے دوران ملنے والے رسپانس کے بعد مجھے بہت سے ٹی وی کمرشلز اور فوٹوشوٹس میں ماڈلنگ کی آفرز ہوئی ہیں جن میں سے کچھ پراجیکٹس کو سائن کرلیا ہے جبکہ کراچی میں بنائی جانے والی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش قبول نہ کرتے ہوئے میں نے معذرت کرلی۔ اسکی بڑی وجہ یہ ہے کہ مجھے فنون لطیفہ میں صرف ماڈلنگ تک کام کرنے کا شوق ہے۔ فلم اور ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اس سے قبل بھی متعدد بار ڈراموں اور فلموں میں مرکزی کرداروں کی پیشکش ہوئی ہے لیکن میں نے کام کرنے سے انکار کردیا۔ مجھے فیشن انڈسٹری سے لگاﺅ ہے اور یہی یری بہترین پہچان بھی ہیں۔ اب تک یورپ، امریکہ، کینیڈا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ہونے والے فیشن ویک میں حصہ لے چکی ہوں، جبکہ بہت سے انٹرنیشنل برانڈز کیلئے ماڈلنگ بھی کی ہے۔ اس لئے فیشن انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے میں ایک منفرد نام اور مقام حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے فیشن انڈسٹری میں کام کرنا بے حد پسند ہے۔ ٹی وی کمرشلز، فوٹو شوٹس اور ریمپ پر کیٹ واک کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔ ایک طرف تو اس کام کو کرکے میں اپنا شوق پورا کرتی ہوں اور دوسری جانب کم وقت میں بہترین کام بھی ہوجاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں فلم اور ٹی وی ڈرامے میں کام کرنے کیلئے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے چند ماہ کے دوران فرانس اور اٹلی میں ہونے والے انٹرنیشنل فیشن ویک میں بھی حصہ ہوں گی، جس کیلئے میرا معاہدہ طے پاچکا ہے۔ اس موقع پر دنیا کے جدید ملبوسات کے ساتھ ریمپ پر جلوہ گر ہوں گی، جس کیلئے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔