حکمرانوں کو مزید من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے، عبدالعلیم خان
لاہور( جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام نے گذشتہ ایک سال عذاب میں گزارہ ہے اب وہ حکمرانوں کو مزید من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے انتخابی بدعنوانیوں کے خلاف عوام کو متحرک کرکے پی ٹی آئی نے ایوانوں میں ہلچل پیدا کردی ہے اب یہ تحریک ہر حال میں منزل تک پہنچے گی تاکہ آئندہ جمہوریت کے نام پر عام آدمی کے ووٹ پر شب خون نہ مارا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے خوفزدہ ہو کر وزراءمتضاد بیانات دے رہے ہیں لیکن جیسے سرکاری بیانات عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے انہیں اپنے قومی ہیرو کی قیادت پر بھرپور یقین ہے اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ تمام تر غیرجانبدار اداروں نے بھی انتخابی دھاندلیوں کو بھی بے نقاب کیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے انتہائی جمہوری اور آئینی طریقے سے آواز اٹھائی ہے ۔عبدالعلیم خان نے تحریک انصاف کے ضلع لاہور کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جلسے کے بعد ہی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور تشہیری مہم کے ذریعے نام نہاد کارکردگی کا واویلا کیا جارہا ہے بہتر ہوتا کہ حکومت اپنی تشہیری مہم کے فنڈ بجلی پیدا کرنے پر لگائے تاکہ ملک کے طول عرض میں ہونے والے مظاہروں اور عوام کے غم و غصے میں کمی آسکے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ عمران خان کی قیادت میں باہر نکل چکے ہیں اور وہ کسی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر اس تحریک کو منتقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوشاں رہیں گے