بیوہ کو متوفی شوہر کے معاوضہ کی رقم نہ دلوانے پر وزارت خارجہ کے سیکشن افسرکی طلبی

بیوہ کو متوفی شوہر کے معاوضہ کی رقم نہ دلوانے پر وزارت خارجہ کے سیکشن افسرکی ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بیوہ کو متوفی شوہر کے معاوضہ کی رقم نہ دلوانے پر وزارت خارجہ کے سیکشن افسر کو طلب کر لیا جسٹس خالد محمود خان نے چاہ میراں لاہور کی رہائشی خالدہ پروین کی درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسکا شوہرظہیر الدین1990میں سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ کے دوران جاں بحق ہو گیا تھا اور سعودی حکومت نے متوفی کے ورثاءکو معاوضے کی رقم دینے کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے سعودی عرب ایمبیسی اور وزارت خارجہ کے دفتر کے ساتھ ہونے والی تمام خط وکتابت کا ریکارڈ میں لگایا گیا ہے مگر 22برس گزرنے کے باوجود وزارت خارجہ نے معاوضہ کی رقم دلوانے میں کردار ادا نہیں کیا، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بیوہ خالدہ پروین ایک غریب خاتون ہے اور22برسوں سے وزارت خارجہ کے چکر لگا رہی ہے مگر کوئی بھی اسکی مدد نہیں کر رہا، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت وزارت خارجہ کو معاوضہ کی رقم دلوانے کا حکم جاری کرے، عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہائیکورٹ سے جاری ہونے والے متعدد نوٹسز کے باوجود وزارت خارجہ کے افسران پیش نہیں ہو رہے اور نہ ہی خاتون کی درخواست پر کوئی کارروائی کی جارہی ہے جس پر عدالت نے وزارت خارجہ کے سیکشن افسر ظفر اقبال کو 27مئی کیلئے ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

طلبی

مزید : صفحہ آخر


loading...