کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام میں مشاورت کیلئے ترک ٹیم پنجاب آئےگی، شجاع خانزادہ

کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام میں مشاورت کیلئے ترک ٹیم پنجاب آئےگی، شجاع ...

لاہور(پ ر) صوبائی وزیر ماحولیات وانسداد دہشت گردی کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام میں مشاورت ومعانت کے لئے ترک ٹیم 22 مئی 2014 کو پنجاب آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر قربان لائنز میں قائم کیا جارہا ہے جس سے صوبہ اور ملک میں دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات ترکی کے دورے سے واپسی پر اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دورہ کے موقع پرترکی کی بین الاقوامی سطح کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے بھی اس حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کے لئے اگلے ماہ پولیس اہلکار ترکی جائیں گے جہاںوہ 45 روزہ تربیت حاصل کرکے وطن واپس آ کراپنے لوگوں کو تربیت فراہم کریں کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ کاﺅنٹر ٹیررازم کارپورل ایلیٹ پولیس فورس سنٹر میں تربیت فراہم کی جار ہی ہے اور تربیت حاصل کرنے والے جوان اگست ،ستمبر اور اکتوبر میں انٹیلی جنس کورس کے لئے ترکی جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں جیلوں کے نظام کو بہتر بنانے اور قیدیوں کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی برادر ملک ترکی سے معاونت ومشاورت حاصل کی جائے گی۔صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے مزید بتایا کہ دورہ کے موقع پر ترک وزیر داخلہ افکان علی سے انقرہ میں اپنی ملاقات کے دوران دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے حکومت پاکستان کے حالیہ اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے موثر قانون سازی کی ہے -حکومت پنجاب نے اس ضمن میں ایک سپیشل انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے اور وفاقی حکومت نے نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے نام سے ایک نیا آئینی ادارہ قائم کیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں وفاقی حکومت کی مشاور ت سے اسی طرح اقدامات کئے جا رہے ہیں-صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی نے مزید بتایا کہ ترک وزیر داخلہ افکان علی نے اس پر کہا کہ دونوں برادر اسلامی ملکوں کو مشترکہ مسائل کا سامنا ہے اور ترکی کو انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ اپنے تجربات کو بروئے کار لا کر خوشی ہو گی-صوبائی وزیر شجاع خانزادہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ترک وزیر داخلہ نے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور فنی مہارت کی فراہمی کے بارے میں بھر پور تعاون کی پیشکش کی ہے -

مزید : صفحہ آخر


loading...