جب تک جسم اور روح کا رشتہ برقرار ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،شہباز شریف

جب تک جسم اور روح کا رشتہ برقرار ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،شہباز شریف

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیو ں میں لانے کیلئے تیزرفتاری سے توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب انشاء اﷲ قوم کو توانائی کے بحران سے نجات ملے گی۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں کی بلاوجہ مخالفت کرنے والوں اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو جان لینا چاہئیے کہ عوامی خدمت کا یہ سفر اب نہیں رکے گا بلکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنا کر دم لے گی۔وہ یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ا راکین اسمبلی ، مسلم لیگی عہدیداروں او رکا رکنوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت او رقیادت عوام سے کیا گیاہر وعدہ پورا کرے گی ۔ عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور کسی صورت انہیں مایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے توانائی بحران سمیت ملک و قوم کو درپیش دیگر مسائل کے بارے میں غفلت کی چادر اوڑھے رکھی اور عوام کے مسائل کو نظر انداز کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی تکالیف کے ازالے کی بجائے ملک میں لوٹ مار ،کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کیے رکھا۔ میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں ۔ سابق حکمرانوں کی بدترین غفلت اور ناقص پالیسیوں کے باعث توانائی کا بحران سنگین ہوا ہے ،اگرماضی کی حکومت توانائی بحران پر توجہ دیتی تو آج معیشت ،زراعت اورصنعت کو ناقابل تلافی نقصان نہ پہنچتا۔ انہوں نے کہاکہ پا کستان مسلم لیگ ن نے عوام کو بجلی کے اندھیروں سے نکالنے کا جو وعدہ کیا تھا اسے ہر حال میں پورا کریں گے ۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کرر ہی ہے۔ پنجاب حکومت بھی بجلی پیدا کرنے کے بڑے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔بہاولپور میں ملک کے پہلے سولر پاور پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے اس منصوبے سے سورج کی شعاعوں کے ذریعے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔پہلے مرحلے میں سو میگا واٹ بجلی کی پیداوار دسمبر 2014میں شروع ہو جائے گی۔اسی طرح ساہیوال میں کوئلے سے 1320میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبے پر بھی اسی ماہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ غربت و بیروز گاری کے مسئلے پر قابو پانے، تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ، صنعتکاری کے عمل کو مضبوط بنانے اور قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ بے حد ضروری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے دن رات ایک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور اور سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے ۔ گزشتہ چھ برسوں سے دیانتداری اور محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اورجب تک جسم اورر وح کا رشتہ برقرار ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کے لحاظ سے پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت قومی معیشت میں بہتری آرہی ہے ۔غیر ملکی سرمایہ کار بڑی تعداد میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چین کے تعاون سے 20ہزار میگا وواٹ بجلی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اراکین اسمبلی مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنوں کے وفد نے توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے حکومتی کاوشوں پر پارٹی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو جلد بجلی کے اندھیروں سے نجات ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ایسی جماعت ہے جس کو متحرک ، فعال اور عوام کا درد رکھنے والی قیادت نصیب ہوئی ہے۔ جس نے اپنے عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے دن رات ایک کر دیاہے۔ عوام وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو عوامی خدمت کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر دعائیں دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چین کے توانائی سیکٹر کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران توانائی سیکٹر میں تعاون پربات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ نے چینی وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کررہی ہے اوردوست ملک چین کے تعاو ن سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے اس ماہ کے آخر تک 100میگاواٹ بجلی کا حصول شروع ہوجائے گا۔چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی سیکٹر میں مل کر کام کرنے کے متعدد معاہدے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبوں کو کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے اسلام آباد میں پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشدبن مسعود(Rashid Ben Masooaud) نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران توانائی ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے توانائی کا بحران حل کرنے کا عزم کیا ہوا ہے ۔ پنجاب میں کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے۔ اقتصادی بحالی ا ور استحکام کے لئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات ا ٹھائے جا رہے ہیں۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں اور معیشت کے عشاریے پہلے سے کئی بہتر ہوئے ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک راشد بن مسعودنے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان اقتصادی بحالی ، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...