کراچی کے حالات میں بہتری نہ چاہنے والا کوئی نہیں، سیکیورٹی اداروں کو مینڈیٹ دینا ہو گا: وزیراعظم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات میں بہتری نہ چاہنے والا کوئی نہیں، اگر سب امن چاہتے ہیں تو ہمیں ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور جرائم کو سیاست سے منسلک نہیں کیا جانا چاہئے، مسائل کے حل کیلئے تحفظ پاکستان آرڈیننس لائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میرے لئے ایک خاص جگہ ہے، سب کے ہاتھوں میں ہاتھ ملا کر صورتحال بہتر کرنا چاہتے ہیں،سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر کراچی میں آپریشن شروع کیا، ایسا نظام وضع کریں تو خواہشات سے بالاتر ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ ضروری ہے، ریٹائرڈ فوجیوں کی پولیس میں بھرتی اچھی بات ہے، موجودہ صورتحال میں مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کی ہے، ہمیں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مینڈیٹ دینا چاہئے ۔