دنیا کی بوڑھی ترین خاتون سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمر میں نیویارک میں انتقال کر گئیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کی معمر ترین فرد سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمر میں نیویارک میں انتقال کر گئیں۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق سوزینا موشیٹ جونز امریکہ کی جنوبی ریاست الاباما میں سنہ 1899 ء میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق غلاموں کے خاندان سے تھا جو کھیتی باڑی سے منسلک تھا۔گِنیز ورلڈ ریکارڈ اور نیویارک سٹی کے قصبے بروکلن میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے مرکز وینڈالیا کے مطابق گریجویشن مکمل کرنے کے بعد سنہ 1922ء میں سوزینا نیوجرسی اور پھر نیویارک آگئیں جہاں وہ بطور گھریلو ملازمہ اور آیا کام کرتی رہیں۔سنہ 1965 ء میں ریٹائر ہونے والی سوزینا کا کہنا تھا کہ ان کی لمبی عمر کا راز زیادہ نیند اور تمباکو نوشی اور الکوحل سے پرہیز ہے۔تحقیقاتی گروپ کے مطابق دنیا کی مصدقہ طور پر معمر ترین فرد فرانس کی جیان کالمیٹ تھیں جن کا سنہ 1997 ء میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔ ایک تحقیقاتی گروپ جیرونٹالوجی ریسرچ گروپ نے بتایا کہ سوزینا موشیٹ جونز کے انتقال کے بعد اٹلی کی 116 سالہ ایما مورانو مارتینوزی اب دنیا کی معمر ترین زندہ فرد بن گئی ہیں۔