سری لنکا کیخلاف سیریز ، انگلینڈ نے پہلے میچ کیلئے 12رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا

سری لنکا کیخلاف سیریز ، انگلینڈ نے پہلے میچ کیلئے 12رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا

لندن(آن لائن) انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں جیمز وینس اور فاسٹ باؤلر جیک بال کو پہلی دفعہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیاہے۔انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 19 مئی کو ہیڈنگلے میں شروع ہوگا، سیریز میں تین ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے جس کا دوسرا میچ 27 مئی سے چیسٹر لی اسٹریٹ اور تیسرا میچ 3 جون سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔الیسٹر کک کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم میں زیادہ تر ان کھلاڑیوں کو بدستور منتخب کیا گیا ہے جس ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف چارمیچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔نوجوان فاسٹ باؤلر جیک بال کو کاؤنٹی کے چار روزہ میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ الیکس ہیلز اوپنر کے طورپر کپتان کا ساتھ نبھائیں گے۔کاؤنٹی کرکٹ میں ہمپشائر کی قیادت کرنے والے جیمز وینس نے رواں سیزن میں 44.50 کی اوسط سے رنز بنائے تھے جبکہ گزشتہ ماہ ہیڈنگلے کے خلاف شاندار 119 رنز کی اننگز کھیلی جس کا انعام انھیں ٹیم میں شامل کرکے دیا گیا ہے۔ٹیم میں جمی اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور اسٹیون فن کے ساتھ ساتھ جیک بال اور جیمز وینس بھی فاسٹ باؤلنگ میں مددگار ہوں گے۔سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں میں الیسٹرکک (کپتان)، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیئراسٹو، جیک بال، اسٹورٹ براڈ، نک کومپٹن، اسٹیون فن، الیکس ہیلز، جو روٹ، بین اسٹوکس، جیمز وینس شامل ہیں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان مکمل سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچ بھی کھیلے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی