پاک انگلینڈ کرکٹ سریز ، تربیتی کیمپ آج کا کول میں لگے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر )فوجیوں کے زیر نگرانی قومی کرکٹرز کا بوٹ کیمپ کل سے کاکول اکیڈمی میں شروع ہو گا جس کے لیے کھلاڑی آج راولپنڈی میں اکھٹے ہوں گے ۔سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کرکٹرز کا فٹنس ٹیسٹ تین روز پہلے نیشل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا ۔ مصباح الحق عمرے کی وجہ سے ٹیسٹ میں شامل نہیں ہو سکے تھے لیکن وطن واپسی کے بعد بخار میں مبتلا ہو گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب قومی کپتان کاکول میں فٹنس ٹیسٹ دیں گے ۔ دورہ انگلینڈ میں شامل قومی کرکٹرز دو ہفتے تک بوٹ کیمپ میں ٹریینگ کے بعد انگلینڈ میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں کیمپ لگانے کی وجہ کھلاڑیوں کو برطانیہ سے ملتے جلتے ماحول میں تربیت دینا ہے۔ کیمپ میں 35 کھلاڑی شرکت کریں گے ۔قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ برطانیہ سے قبل تربیتی کیمپ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی کاکول، ایبٹ آباد میں کل سے لگایا جائے گا۔ کیمپ میں 35 کھلاڑی حصہ لیں۔ محمد حفیظ ، ذوالفقار بابر، عماد وسیم اور حارث سہیل انجری کے باعث کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے ۔ تاہم چاروں کھلاڑی برطانیہ دورے کے لئے ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔پاکستان اور برطانیہ کے درمیان چار ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 کی سیریز 14 جولائی سے شروع ہو گی ، جبکہ قومی کرکٹ ٹیم 14 جون کو برطانیہ روانہ ہو گی ، برطانیہ کے بعد پاکستان آئرلینڈ کے خلاف بھی دو ون ڈے میچز کھیلے گا ۔