صفائی کے ناقص انتظامات ، انتہائی نگہداشت یونٹ بیماریاں پھیلانے لگے

صفائی کے ناقص انتظامات ، انتہائی نگہداشت یونٹ بیماریاں پھیلانے لگے

 لاہور(جاوید اقبال) سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یوز اور سی سی یوز انفیکشن پھیلانے والی نرسیاں بن چکے ہیں معمولی انفیکشن کے ساتھ آنے والے مریض تین دنوں میں متعدد اقسام کی انفیکشن میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ دوسری طرف آئی سی یوز کے اندر ہی بیت الخلاء مریضوں میں انفیکشن میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں ۔ صفائی کا انتہائی ناقص نظام دیکھنے کو ملتا ہے جبکہ مچھر بھی عام ہیںیہاں فرائض سر انجام دینے والے عملے اور لواحقین کو ماسک تک میسر نہیں ہیں ۔ ہر ایرا غیرا 24گھنٹے کھلے عام گھوم پھر سکتا ہے یہ انکشافات لاہور کے ہسپتالوں میں قائم آئی سی یوز کے سروے کے دوران سامنے آئے روزنامہ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آئی سی یوز میں عالمی ادارہ صحت اور پی ایم ڈی سی کے قوانین کے مطابق ڈاکٹرز میسر ہیں نہ نرسیں، قوانین کے مطابق آئی سی یوز میں ہر چار بیڈز کے لیے ایک ڈاکٹر اور دو بیڈ ز کے لیے ایک نرس ضروری ہے جبکہ یہاں ہسپتالوں کی ا نتظامیہ نے آئی سی یوز میں پورے پورے وارڈ کے لیے 3ڈاکٹرز اور 6نرسیں تعینات کر رکھی ہیں ۔اگر ایک ہی وقت میں ایک سے زائد مریضوں کی حالت بگڑ جائے تو انہیں امداد دینے کے لیے ڈاکٹرز میسر ہوتے ہیں نہ نرسیں اور آخر کار بیہوشی میں پڑے پڑے کئی مریض ڈاکٹروں کے انتظار میں دم توڑ جاتے ہیں دوسری جانب لاہور سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں میں موجودآئی سی یوز کے اندر بیت الخلا موجود ہیں جو عالمی ادارہ صحت اور پی ایم ڈی سی کے واضح قوانین کی خلاف ورزیاں ہیں آئی سی یوز میں مریضوں کے لواحقین بھی با آسانی دن میں کئی مرتبہ لیٹرین استعمال کرتے ہیں ،باورچی خانے بھی اندر واقع ہیں جہاں دن رات برتن دھوئے جاتے ہیں صفائی کی حالت یہ ہے کہ مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہے ان وارڈز میں چوہے بھی کھلے عام پھرتے ہیں ایس او پیز کے مطابق عملہ یا کوئی شخص ماسک کے بغیر اندر داخل نہیں ہو سکتا مگر جہاں ہر کوئی ماسک کے بنا چلتا پھرتا نظر آتا ہے ۔اس حوالے سے مشیر صحت خوجہ سلیمان رفیق کا کہنا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں گے آئی سی یو ز میں بد انتظامی ٹھیک کر دیں گے ۔فضا اور ماحول ایس او پیز کے مطابق نہ ہوئی تو ایم ایس کے خلاف کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئی سی یوز میں لیٹرینوں کی موجودگی باعث شرم ہے اس کا نوٹس لیا جائے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1