عوام کے پاس احتساب کے سواء کوئی راستہ نہیں بچا،اعجاز احمد چودھری

عوام کے پاس احتساب کے سواء کوئی راستہ نہیں بچا،اعجاز احمد چودھری

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف پنجا ب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حالات اس طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ عوام کے پاس عوامی احتساب کے سواء کوئی راستہ نہیں بچا ، چھوٹے چوروں اور ڈاکوؤں کو فور ی پکڑا جاتا ہے مگر بڑے چوروں او ر ڈاکوؤں کو کوئی نہیں پکڑتا عوام عدالتوں نیب ، پولیس اور ایف آئی اے سے مکمل مایوس ہو چکے ہیں ، جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے چیف جسٹس کاجواب حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے اور چیف جسٹس کا حکومت کو جواب اپوزیشن کے مؤقف کی تائید ہے۔

وہ گزشتہ روز فیصل آباد جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے خان بہادر ڈوگر، عبدالوحید نیازی اور ظفر کھو کھر کی طرف سے جڑانوالہ میں کئے گئے عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جلسہ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے20مئی کو تاریخی جلسہ ہوگا رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کی منافقت کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا ، فیصل آباد کی عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، حکومت اپنی مرضی کے ٹی او آرز بنا کر کلین چٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں حکومت گہری کھائی میں گر گئی ہے احتساب کے بغیر اب اس کا نکلنا مشکل ہو چکا ہے پانامہ زدہ حکمران اور انکے درباری ذہنی مریض بن چکے ہیں ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک بچاؤ تحریک حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گی ، تحریک انصاف اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول نہیں ہو جاتی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1