سمن آباد ہسپتال سے عوام کو فائدہ ملنا شروع

سمن آباد ہسپتال سے عوام کو فائدہ ملنا شروع

لاہور( جنرل رپورٹر) ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے نئے تعمیر کردہ 25بیڈز پر مشتمل گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کے فنکشنل ہونے کے بعد سمن آباد اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے تقریبا 2لاکھ سے زائد افراد کو اس ہسپتال کا فائدہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اور روزانہ مختلف امراض میں مبتلا مریض اس ہسپتال کا رخ کر کے اپنا علاج کروا رہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی عوام الناس کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی پالیسی کے تحت سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور نے سمن آباد میں 25بیڈز پر مشتمل اس ہسپتال کو تعمیر کیا۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے بتایا کہ گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال میں لیبارٹری، الٹرا ساؤنڈ، گائنی، جنرل سرجری اور ڈینٹل کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔جبکہ3سپیشلٹ ڈاکٹرز سمیت 20ڈبلیو ایم او اور ایم او ڈاکٹر یہاں پر تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ روزانہ 500سے زائد مختلف امراض میں مبتلا مریض اس ہسپتال میں آکر اپنا چیک اپ کروا رہے ہیں۔جبکہ اس ہسپتال کی وجہ سے خواتین کی گائنی کے مسائل میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے 15دنوں میں تقریبا 1500سے زائد خواتین کو گائنی کے حوالے سے ہسپتا ل میں لایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سوڈیوال اور مناواں میں بھی ہسپتالوں کو تعمیر کر رہی ہے۔اور ان کا بھی شہریوں کو خاطر خواہ فائدہ ہو گا۔اور ان کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر ملیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1