سکول کونسلز کیلئے 14 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر رہے ہیں،رانا مشہود
لاہور( نامہ نگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ فروغ تعلیم حکومت اور معاشرے دونوں کی مساوی ذمہ داری ہے سکول کونسلز کے ممبران میں محکمہ تعلیم کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ والدین،صاحب ثروت افراد،عوامی نمائندوں اور معاشرے کے دیگر موثر طبقات کو نمائندگی دی جارہی ہے جس سے تعلیمی شعبے میں شاندار روایات جنم لیں گی۔ اگلے مالی سال کے دوران سکول کونسلز کے لئے 14 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جارہی ہے۔اچھی کارکردگی کی حامل سکول کونسلز اپنے تعلیمی اداروں کی ترقی کے لئے 60 ہزار تا 24 لاکھ تک کی خطیر رقوم حاصل کر سکیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں یو ایس ایڈ پروگرام کی معاونت سے شروع کئے جانے والے ہوم سکول ایجوکیشن پراجیکٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ارکان پنجاب اسمبلی،سعدیہ سہیل رانا،ڈاکٹر نوشین اور مس شنیلہ نے بھی خطاب کیا۔رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہذب معاشروں میں حکومت ،اپوزیشن اور معاشرہ فروغ تعلیم کے حوالے سے ہمیشہ ایک پیج پر ہوتا ہے۔ہماری حکومت نے رواں مالی کے دوران بجٹ کا 27 فیصد حصہ تعلیم کے لئے مختص کرکے جہاں اپنی تعلیم دوستی کا ثبوت دیا وہیں آئندہ مال سال کے لئے یہ رقم بجٹ کے 30 فیصدحصے تک بڑھائی جارہی ہے۔۔