پائیدار معاشی ترقی کے لیے مقامی صنعتوں کو تحفظ دینا ہوگا: لاہور چیمبر

پائیدار معاشی ترقی کے لیے مقامی صنعتوں کو تحفظ دینا ہوگا: لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اْن اشیاء اور خام مال کی درآمد محدود کرے جو ملک میں تیار/پیدا ہورہی ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ مقامی صنعت نہ صرف حکومت کے لیے محاصل کا بڑا ذریعہ ہے بلکہ لاکھوں افراد کا روزگار اس سے وابستہ ہے لہذا اسے ہر صورت تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہے کہ اْن تمام اشیاء اور خام مال کی درآمد کی حوصلہ شکنی کی جائے وہ مقامی سطح پر پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا مقامی صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے سمگلنگ کو بھی آہنی ہاتھوں سے روکا جائے جس سے حکومت کو بھی اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے ۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے سمگل شدہ اشیاء ایک سیلاب کی طرح بلا روک ٹوک آرہی ہیں ، چونکہ ان پر کوئی ڈیوٹی یا ٹیکس ادا نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے حکومت کو بہت بھاری نقصان ہورہا ہے ، سستی ہونے کی وجہ سے صارفین انہیں مقامی اشیاء پر ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی صنعتیں بھی تباہ ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی مارکیٹیں سمگل شدہ اشیاء سے بھری پڑی ہیں جس کی وجہ سے مقامی صنعتیں اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو صنعتیں تیزی سے بند اور لوگ بے روزگار ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فوری اور سخت اقدامات نہ اٹھائے تو صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی زیادہ شرح سمگلنگ کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہی ہے لہذا حکومت اْن اشیاء پر ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرے جو سمگلنگ کے لیے کشش رکھتی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کا بھی ازسرنو جائزہ لے کیونکہ یہ سمگلنگ کا ایک بڑا ذریعہ بن کر پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بارڈرز پر جدید سکینرز نصب کرے تاکہ غیرملکی مصنوعات سمگل ہوکر ملک میں نہ آسکیں اور چیک پوائنٹس پر ایماندار اور باصلاحیت افسران تعینات کیے جائیں۔ سمگل شدہ مال فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی بھی ضروری ہے کیونکہ یہ ملکی معیشت کو بھاری نقصان پہنچارہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سمگلروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا اور انہیں سخت سزا دینا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ اپنے ذاتی فائدے کے لیے قومی مفادات کو داؤ پر لگارہے ہیں۔

مزید :

کامرس -