پاکستان میں خواتین کے لباس کا سب سے خوبصورت حصہ دوپٹہ ہے،ساؤتھ کورین راوئینز
لاہور( نامہ نگار)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورسے اردو زبان وادب میں کورس مکمل کر نے والے ساؤتھ کورین راوئینز کا کہنا ہے کہ پاکستانی کلچر نے اپنا دیوانہ بنا دیا ہے، پاکستان میں خواتین کے لباس کا سب سے خوبصورت حصہ دوپٹہ ہے،بریانی بہت پسند آئی۔پاکستانیوں سے بہت سے پیار کے ساتھ ساتھ بہت سے روایتی لباس اور کھانوں کے مسالے بھی ساؤتھ کوریا لے کرجائیں گے ۔سرٹیفیکیٹ کورس مکمل کرنے پر ان غیرملکی طلباء کے لئے جی سی یو نیورسٹی میں پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شا ہ نے ساؤتھ کورین طلباء کِم یو جِن،ہینگوئیل ریو،سونگ ایون ہی ،لی ہائیون اور جنگ یو ہان کو اسناد سے نوازا ،اور ان کے مستقبل کی کامیابی کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یہ ساؤتھ کوریا کے طلباء کا پہلا وفد ہے جو کہ جی سی یونیورسٹی سے اردو زبان وادب سیکھنے کے لیئے پاکستان آیا ،یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر کورین طلباء کا کہنا تھا کہ ہمیں راوئین بننے پر بے حد فخر ہے ،خوش ہیں کہ اب ہم بھی اس 150سالہ تاریخی ادارے کی روایات کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا پاکستانی بریانی بے حد پسند آئی ہرقسم کے بریانی مسالے ساتھ لے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جی سی یو نیورسٹی کاتدریسی ماحول مثالی ہے ساتھی طلباء اور اساتذہ نے بے حد محبت اورشفقت سے نوازا۔اردو سیکھنا مشکل ہے ،مرزا غالب اور اقبال کی شاعری بہت پیاری لگی،آج کل اردو سمجھنے کے بعد اردو موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ہے ،ہم نے بہت سے دیگر شہروں کا سفر کیا یہاں کے کھلے سرسبز اور میدانی علاقے بہت اچھے لگے،کوریا میں پاکستان کی نسبت شہر بہت تنگ ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہمیں ہمیشہ چائنیز سمجھتے ہیں ،جبکہ کورینز اور چائنیز میں بہت فرق ہے۔