مطیع الرحمان نظامی کی پھانسی زخمیوں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ، سرتاج عزیز
اسلام آباد(اے این این ) مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے کہاہے کہ بنگلہ دیش میں امیر جماعت اسلامی مطیع الرحمان نظامی کی پھانسی ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،معاملہ انسانی حقوق کونسل میں اٹھائیں گے۔ سینٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مطیع ا لرحمان نظامی کی پھانسی قابل مذمت ہے جو ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے 12 اکابرین پرمقدمے قائم کئے گئے، 5 کو پھانسی ہو چکی اور 4 کے مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ 2 کی موت ہو چکی ہے اورایک کوعمر قید کی سزا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت نے 1974 کے معاہدے کی شق 15 کی خلاف ورزی کی، موجودہ حالات دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں رکاوٹ ہیں، ان پھانسیوں پر اسلامی دنیا میں ہیجان ہے، تمام انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ان پھانسیوں کی مذمت کی ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے تعلقات میں 2013 کے بعد سے کافی بہتری آئی تھی لیکن امریکی کانگریس کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی خریداری کے لیے پاکستان کو دیے جانے والے فنڈزروکے جانے کے فیصلے کے بعد کچھ عرصے سے پاکستان اورامریکہ کے تعلقات ایک بارپھرتنا کا شکارہیں۔
سرتاج عزیز