پاک کوریا تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے،چودھری شجاعت حسین

پاک کوریا تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے،چودھری شجاعت حسین

لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ق )کے صدرچودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک کوریا تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اس سلسلہ میں سبکدوش ہونیوالے کوریا کے سفیر ڈاکٹر سانگ جونگ ہیون کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے قابل قدر دوست کا تاریخی اقدام سیول سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہے جس سے دونوں ملک یقینی طور پر مزید قریب آئیں گے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پرڈاکٹرسانگ جونگ ہیون کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ عشائیہ میں چودھری وجاہت حسین، سینیٹر مشاہد حسین سید، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، فرانس، جرمنی، بھارت، سپین، ایران، فلسطین، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ امتیاز رانجھا اور دیگر رہنماء بھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 1982ء میں جب میں کوریا کا قونصل جنرل مقرر ہوا تو میں نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ پر بھرپور توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ اس وقت کوریا کی صرف ایک کمپنی تھی جس نے کراچی پاکستان میں پکچر ٹیوب پراجیکٹ کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ اب پاکستان میں کوریا کی ہزاروں کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے نمایاں کوششوں پر 1993ء میں کوریا کی جانب سے مجھے اعلیٰ ترین سفارتی اعزاز سے نوازا گیا جو میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس کیلئے میں کوریا کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سانگ نے پاکستان میں اپنے مختصر قیام کے دوران اپنی شاندار خدمات کے باعث پاکستانی عوام کے دل میں گہرے نقوش چھوڑے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں بلکہ انہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ کیلئے بھی کوششیں کیں جس پر پاکستانی میڈیا نے انہیں ممتاز سفارتکار کے خطاب سے نوازا۔

چودھری شجاعت

مزید : صفحہ آخر