تیزآندھی سے فیڈرزٹرپ کرگئے،خوشگوارموسم سے لوڈشیڈنگ کم

تیزآندھی سے فیڈرزٹرپ کرگئے،خوشگوارموسم سے لوڈشیڈنگ کم

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی میدانی علاقوں میں شام کے وقت آنے والی تیز آندھی نے بجلی کے ترسیلی نظام کو شدید متاثر کر دیا ۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ کئی مقامات پر درخت ٹوٹ کر تاروں پر گر گئے جس سے تاریں ٹوٹ گئیں ۔ موسم خوشگوارہونے سے بجلی کی طلب و رسد کا فرق کم رہ گیا جس سے شام کے بعد لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں نمایاں کمی ہو گئی ۔ آندھی کے بعد لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز میں ٹرپ کئے گئے فیڈرز کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا جو چند گھنٹوں میں مکمل کر لیا گیا۔ تاہم جن فیڈرز کی تاریں ٹوٹ گئیں ان کی بحالی کا کام را ت گئے تک جاری رہا اور کئی علاقے صبح تک بجلی سے محروم رہے ۔ آندھی آنے سے قبل لوڈ بڑھنے سے لیسکو کا بند روڈ کا سرکٹ بریک ڈاؤن کر گیا جس سے لیسکو کے گرڈ ٹرپ کر گئے اور ان سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ۔ ابھی سرکٹ کی بحالی کا کام جاری ہی تھا کہ شدید آندھی آ گئی جس سے مزید فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مزید علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ۔ گزشتہ روز صبح کے وقت شہروں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں ہر گھنٹے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی تاہم شام کے بعد کمی ہو گئی۔

مزید : صفحہ آخر