ڈاکٹرعاصم کیخلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، سماعت 28مئی تک ملتو
ی کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی احتساب عدالت نے سابق مشیرپیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگرشریک ملزمان کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی ہے، ملزمان پر جمعہ کو بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔ احتساب عدالت کراچی میں ڈاکٹر عاصم حسین ، یوسف انصاری ، بشارت مرزا ، نوید مختار اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس کی جمعہ کوسماعت ہوئی ۔ جیل حکام نے ڈاکٹر عاصم کو سخت سیکورٹی میں عدالت پہنچایا ۔ سماعت شروع ہوئی تو وکلائے صفائی نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے ۔ ہم نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں ۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے ۔ ملزمان کے وکلا اس معاملے کو لٹکانا چاہتے ہیں ۔ سندھ ہائیکورٹ نے کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا ۔ وکلا صفائی نے کہا کہ نیب کو کس بات کی جلدی ہے ۔ ہماری درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کیے ہیں ۔ بعد میں عدالت نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی، جس کے باعث جمعہ کو بھی ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔ اس پہلے سندھ ہائی کورٹ میں ملزمان کی وکلا کی جانب سے نیب عدالت میں مقدمے کی سماعت روکنے کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے نیب اور دیگر حکام کو 25 مئی کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ۔ عدالت نے کہا کہ قانون کے خلاف فیصلہ ہوا تو کارروائی کریں گے ۔ عدالت نے نیب کورٹ میں سماعت روکنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔