جنوبی پنجاب مین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے متجاوز، عوام کا جینا محال، میپکو خاموش
ملتان ، وہاڑی، میلسی، ڈیرہ غازیخان، منڈی یزمان، منکیرہ (وقائع نگار، نمائندگان) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔ جس سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔ ملتان سے وقائع نگار کے مطابق میپکو کے جنرل(بقیہ نمبر42صفحہ12پر )
منیجر آپریشن کے دعوے کے باوجود جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔ تونسہ، راجن پور، جام پور، ڈیرہ غازیخان، مظفر گڑھ کے دیہی علاقے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی شہروں میں بریک ڈاؤن اور شٹ ڈاؤن کے باعث شیڈول سے کئی گھنٹے زائد بجلی بہتر کی جا رہی ہے۔ وہاڑی سے بیورو رپورٹ، نما ئندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگو ں کا جینا محال کردیا ہے پیپلز کالونی ، 9-11ڈبلیوبی ، مکہ ٹاؤن، کالج ٹاؤن، انوار آباد، نو جوئیا نوالہ کے رہا ئشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ میٹروبس اور اورنج ٹرین پر اربوں روپے لگا رہی ہے اگر یہی رقم انرجی کو پورا کرنے کیلئے لگا ئی جا ئے تو زیادہ بہتر ہے۔ میلسی سے تحصیل رپورٹر کے مطابق میلسی و گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے 14گھنٹے تک پہنچ گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی غائب رہنے سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ اوور لوڈ ہونے سے کئی علاقوں کے ٹرانسفامرز بھی جل گئے۔ آئس فیکٹریوں کے مالکان نے برف کی بلیک میں فروخت جاری رکھی ہوئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان سے بیورورپورٹ کے مطابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بتایا کہ شدید گرمی میں ڈیرہ غازی خان میں بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت تھی، شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اسلام آباد میں وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی سے ملاقات کر کے انہیں عوامی تکلیف سے آگاہ کیا، اور مطالبہ کیا کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ملتان شہر کے برابر 24گھنٹے میں صرف چھ گھنٹے کی جائے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے ڈیرہ غازی خان شہر میں صرف چھ گھنٹے بجلی لوڈ شیڈنگ کے احکامات جاری کر کے واپڈا حکام کو اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ منڈی یزمان سے نامہ نگار کے مطابق پورا دن گرم لو چلتی رہی۔ شدت کی گر می کی وجہ سے سڑ کیں سنسان اور بازار ویران ہو گئے۔ دن بھر دکان دار ہاتھوں پے ہاتھ دھرے گاہکوں کے انتظار میں بیٹھے رہے۔ جنرل بس اسٹینڈ میں ایک گدا گر بابا گر می سے بے ہوش ہو گیا۔ ادھر واپڈا کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16سے 20گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ منکیرہ سے نامہ نگا کے مطابق منکیرہ اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ کم وولٹیج نے بھی عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے شدید گرمی کے اوقات میں بار بار ٹرپنگ اور کم وولٹیج کے باعث قیمتی برقی آلات بھی ناکارہ ہونے لگے ہیں ۔
لوڈشیڈنگ