شاہ رکن عالم میٹرو بس سٹیشن کا مکمل آہنی فریم لگا دیا گیا ہے ‘ چیف انجینئر

شاہ رکن عالم میٹرو بس سٹیشن کا مکمل آہنی فریم لگا دیا گیا ہے ‘ چیف انجینئر

ملتان(نمائندہ خصوصی )چیف انجینئر و ٹیکنیکل ایڈوائزر ملتان میٹرو بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی نے کہا ہے کہ شاہ رکن عالم بس اسٹیشن کا مکمل آہنی فریم لگادیا گیا ہے جس پر سینڈوج پینل کی غیر موصل تیار شدہ چھت لگائی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ میٹرو اسٹیشنز کے دروزاے ایلومینم سے تیار کئے جارہے ہیں جس پر سینسر اور کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ فرش پر موزیک ٹائلز لگائی جائیں گی۔یہ بات (بقیہ نمبر39صفحہ7پر )

انہوں نے میٹرو اسٹیشنز پر جاری ترقیاتی کام کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔چیف انجینئر نے بتایا کہ پیکج فائیو میں شاہ رکن عالم میٹرو اسٹیشن پر تمام آہنی کالم لگادئیے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ سینڈوچ پینل اور گلاس مڈل ایسٹ سے پاکستان پہنچ گیا ہے اور ان کی تیاری جاری ہے ۔یہ چھتیں نہ صرف واٹر پروف ہوں گی بلکہ گرمی کی شدت کو روکنے میں کارگر ثابت ہوں گی۔اس کے علاوہ میٹرو اسٹیشنز میں مڈل ایسٹ سے درآمد کیا گیا ڈبل گلیز نیلے رنگ کا شیشہ بھی استعمال کیا جائے گا ۔یہ شیشہ ائیرپورٹس کے لاؤنج اور معروف سرکاری اور نجی عمارتوں میں استعمال کیاجاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن کو ہوادار بنانے کے لئے اس میں لوئر لگائے جائیں گے ۔گرم موسم میں بھی’’بس بے‘‘ کا ماحول خوش گوار رکھنے کے لئے کنٹرولڈ شیڈ کی طرز کا کولنگ سسٹم لگایا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ملتان میٹرو بس منصوبے کے اسٹیشنز لاہور اور راولپنڈی ۔اسلام آباد میٹرو بس سسٹم سے زیادہ خوبصورت ،پائیدار اور آرام دہ ہوں گے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو نے وضاحت کی ہے کہ میٹرو بس منصوبے کے لئے ملتان ترقیاتی ادارہ کے پاس تمام مطلوبہ فنڈز موجود ہیں اور کنٹریکٹرز کی طرف سے جمع کرائے جانے والے بلز کی باقاعدہ ادائیگی کی جارہی ہے ۔انہوں نے دیگر اضلاع کی ٹی ایم ایز سے ملتا ن میٹرو بس منصوبے کے لئے فنڈز کی کٹوتی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے ایڈیشنل ڈی جی نے کہا ہے کہ کچھ عناصر میٹرو بس منصوبے کو ڈھال بنا کر حکومت کو بدنام کررہے ہیں۔ان کی طرف سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر