ہنگامی حالات سے نپٹنے کیلئے محکمہ شہری دفاع کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا

ہنگامی حالات سے نپٹنے کیلئے محکمہ شہری دفاع کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا ...

 لاہور(اپنے نمائندے سے)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے محکمہ شہری دفاع کو حادثات کی صورت میں جلد اطلاعات کی فراہمی کے لئے جدید وائرلیس نیٹ ورک،حادثے کے مقام کے تعین کے لئے جی پی ایس ڈیوائس ،مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اینڈرا ئیڈ موبائل فون ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید مشینری اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ کرنے والے جدید اور ایڈوانس آلات مہیاکردیئے گئے۔ ماہ جنور ی سے اپریل تک2250 تھریٹ کالز کے ریسپانس میں سے 190مقامات سے دھماکہ خیز موا د ، 37 خود کش جیکٹس اور75 ہینڈ گرنینڈ ز کو کو ناکارہ کیا گی۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس صداقت علی ملک کی معلومات کے مطابق گلشن اقبال پارک سانحہ کے بعداور اس جیسے خطرات اور دہشت گردی کے واقعات سے نبرد آزما ہونے کے لئے صوبائی دارلحکومت لاہور کے محکمہ شہری دفاع کو عالمی معیار کے مطابق ایمرجنسی میں تیز ترین سروس کے لئے جدید آلات سے لیس کر دیا گیا ہے ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈی سی او لاہور کی خصوصی کاوشوں اور کوششوں سے حال ہی میں محکمہ شہری دفاع کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے جدید اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا ہے ۔اطلاعات کی بروقت فراہمی کے لئے جدید وائرلیس نیٹ ورک بھی سول ڈیفنس ٹیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے جس سے حادثات کی صورت میں جلد اطلاعات حاصل ہو سکیں گی۔حادثہ کے مقام کا تعین کرنے کے لئے عملہ کو جی پی ایس ڈیوائس بھی مہیا کر دی گئی ہے جس سے حادثات والے مقام کا پتہ چلانے میں مدد حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید مشینری اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ کرنے والے آلات سے آراستہ کردیا ہے ، جس کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ نے آئی ای ڈی، خود کش جیکٹس، ہینڈ گرنیڈز کو ناکارہ کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کی سویپنگ بھی کی ہے جس کی بدولت کئی خطرناک اور جان لیواء حادثات سے قبل از وقت بچنا ممکن ہوا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے پاس ملکی و بیرونی مشینری چالو حالت میں موجود ہے جس سے کسی بھی حادثے کی صور ت میں بروقت رسائی ممکن ہے محکمہ شہری دفاع کے بم ڈسپوزل سکواڈ ماہ جنوری سے ماہ اپریل تک 2250تھریٹ کالز موصول ہوئی ہیں جس پر 190مقامات سے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا گیا ہے جبکہ اب تک 37خود کش جیکٹس کو بھی لاہور بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ کیا ہے جبکہ75ہینڈ گرنیڈز کو بھی اطلاع ملنے پرناکارہ کیا گیا ہے۔سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو مزید مضبوط کر نے اور اس کو جدید آلات سے آراستہ کر نے کے لیے مائن ڈیکٹیٹرز،میٹل ڈیکٹیٹرز،بلٹ پروف جیکٹس،ہیلمٹ،تیز روشنی والی ٹارچ،الیکٹرک سٹیسکو کوپ اور فیلڈ سٹاف کے لئے خرید رہے ہیں ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر