پشاور ضمنی انتخاب میں نتائج تبدیل کیے گئے ہیں،پیپلزپارٹی

پشاور ضمنی انتخاب میں نتائج تبدیل کیے گئے ہیں،پیپلزپارٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین صوبائی اسمبلی سندھ خیر النساء مغل ،شمیم ممتاز اور شاہینہ شیرعلی بلوچ نے خیبر پختونخواہ میں گزشتہ روز صوبائی نشست پی کے 8 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک طہماش خان کی جیتی ہوئی نشست کے نتائج تبدیل کر کے جیت کوہار میں بدلنے پر ن لیگ کی شدید مذمت کی ہے۔پیپلزپارٹی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو 2013ء کے الیکشن میں طالبان اور ان کی سیاسی حمایت پر کمربستر دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے انتخابی میدان سے باہر رہنے پر مجبور کیا گیا اور کھل کر دھاندلی کی گئی لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے تسلسل اور دوام کی خاطر اس کھلے ظلم کو برداشت کیا۔ تاہم دائیں بازو کی جماعتوں بالخصوص ن لیگ کی ہوس اقتدار کبھی نہ ختم ہونے والی پیاس میں تبدیل ہوچکی ہے جس کا عملی مظاہرہ پی کے 8کے ضمنی انتخاب میں کیا گیااور نتائج تبدیل کر کے ن لیگ کے امیدوار کی جیت کا جشن منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ در حقیقت عوامی تائید سے محروم جماعت ہے اور موجودہ صورت حال میں اس طرح کی دھاندلی کے ذریعے وہ عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ اسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے جو کہ سراسر دھوکہ پر مبنی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دھاندلی کا نوٹس لے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر