پی کے 8 انتخابات ،ن لیگ پر اعتماد کا مظہر ہے ،حیدر شاہ کاکا خیل

پی کے 8 انتخابات ،ن لیگ پر اعتماد کا مظہر ہے ،حیدر شاہ کاکا خیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ کے بزرگ رہنما میاں حیدر شاہ کا کا خیل نے کہا ہے کہ وادی پشاور کے عوام نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگی امیدوار کو کامیاب کرکے عمران خان کے پالیسیوں اور منفی سیاست سے نفرت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلی پر ویز خٹک ایک ڈمی چیف ایگزیکٹیو ہے جبکہ خیبر پختونخواکے تمام اختیارات بنی گالہ کے کنٹرول میں ہے ۔وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ میاں حیدر شاہ کاکا خیل نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت عوام کے تمام مسائل اور مشکلات حل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہداری گیم چینجر ثابت ہو گااور انشاء اللہ مجوزہ منصوبے کی تکمیل سے پاکستانی قوم کے تمام محرومیوں کا ازالہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نان ایشوز پر عوام کو گمراہ کر کے ملک کی ترقی کا پہیہ روکنا چاہتے ہیں مگر ان کی تمام سازشیں ناکام ثابت ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ وادی پشاور کے پی کے 8ضمنی انتخابات میں عوام نے وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگی امیدوار ارباب وسیم حیات کو کامیاب کرایا جبکہ صوبائی حکومت نے تمام ریاستی وسائل استعمال کرنے اورعمران خان کی اپیل کے باوجود تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست سے دوچار کر کے عمران خان کے پالیسیوں اور منفی سیاست سے نفرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مسلم لیگ کے کامیاب امیدوار ارباب وسیم حیات کو مبارک باد پیش کر تے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ موصوف مرحوم ارباب اکبر حیات کے نقش قدم پر چل کر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائینگے ۔