انتظامیہ کی عدم توجہی، سہلوت بازار افادیت کھونے لگے، شہریوں نے رخ کرنا چھوڑ دیا

انتظامیہ کی عدم توجہی، سہلوت بازار افادیت کھونے لگے، شہریوں نے رخ کرنا چھوڑ ...

ملتان (سپیشل رپورٹر)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان مارکیٹ کمیٹی اورٹاؤنز کی عدم توجہ کے باعث تمام سہولت بازاراپنی افادیت کھونے لگے ہیں ۔ شہریوں نے سہولت بازاروں سے خریداری کرنا کم کردی ہے مارکیٹ عملے کی مانیٹرنگ نہ ہونے کے باعث دکانداروں نے ریٹ لسٹیں چھپاکر گراں فروشی کابازار گرم کررکھا ہے سبزیاں پھل عام مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگے دامو ں فروخت ہورہی ہے ۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے چارو ں سہولت بازار ناکام ہوگئے ہیں ۔ صوبائی حکومت کی ہدایت پرشمس آباد ، مدنی چوک ، باغ لانگے خان اورممتاز آبا د کے علاقوں میں سہولت بازار سجائے جاتے ہیں۔جن کامقصد عام مارکیٹ کے مقابلے میں شہریوں کو کنٹرول اورکم نرخوں پر اشیاء خوردونوش سبزیاں پھل فروخت کرنا ہے ۔ مگر گزشتہ روز باغ لانگے خان میں’’پاکستان‘‘کی طرف سے کیے جانے والے سروے میں ناقص انتظامات کھل کرسامنے آگئے شہریوں کی آگاہی کیلئے کسی جگہ بھی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں تھیں اوردکانداروں نے ریٹ لسٹیں چھپاکر لوٹ مار کابازارگرم کررکھاتھا۔ اورعام مارکیٹ کے لحاظ سے سہولت بازار میں اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جارہی تھیں۔ سہولت کاربازار ریٹ لسٹ کے مطابق سبزیوں کاریٹ یہ تھا ۔ آلو چھلکے والا25روپے کلو لیکن فروخت 30روپے کلو کیاجارہاتھا ۔ لہسن چائنہ 252روپے کلو لیکن فروخت260روپے کیاجارہا تھا۔ مٹر136روپے کلو لیکن فروخت 145روپے کیاجارہاتھا۔لیموں دیسی 230روپے کلو لیکن فروخت 240کلو کیاجارہاتھا۔ پھلوں کی ریٹ لسٹ سہولت بازار میں سیب نیوزی لینڈ262لیکن فروخت 270روپے ہوا انار قندھاری 285فروخت 300ہوتارہا ۔ انگورایرانی 295فروخت 300ہوتارہا ۔چیری فی ڈبہ 210لیکن فروخت 220ہوتارہا ۔ اس صورتحال پرشہریوں ،محمد اسلم، محمد اکرم ،محمد اویس ، عاطف ، محمد زاہد نے ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم پچھلے چند سالوں سے باغ لانگے خان میں جمعہ کے روز خریداری کرنے آتے ہیں اورجب دکانداروں سے ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء خریدنے کاتقاضہ کرتے ہیں تو لڑائی جھگڑے پر اترآتے ہیں ۔ مارکیٹ عملے کو شکایت کرنے کے باوجودکوئی کارروائی نہیں ہوتی ۔ انہوں نے ڈی سی او ملتان سے اپیل کی ہے کہ سہولت بازاروں کے اچانک دورے کرکہ عوام کو اس کافائدہ پہنچایا جائے۔ مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی جائے کہ ان کے نمائندے موقع پر موجود ہوں تاکہ دکانداروں کو اپنی من مانی کرنے کاموقع نہ ملے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر