بنگلہ دیش بھارتی سازشوں کا مرکز بن چکاہے ،جماعۃ الدعوۃ

بنگلہ دیش بھارتی سازشوں کا مرکز بن چکاہے ،جماعۃ الدعوۃ

فیصل آباد(بیورورپورٹ)جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر ملک بھر کی طرح شہربھرکی مساجد میں مطیع الرحمن نظامی کے عدالتی قتل کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا اور بعد ازنماز جمعہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما مفتی عبدالرحمن عابد،مولانا امیر حمزہ، انجینئر نوید قمر ،عبدالوحید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں و علماء کرام نے جمعہ کے بڑے اجتماعات سے مطیع الرحمن نظامی کی پھانسی پر خصوصی خطابات کیے۔ اجتماعات جمعہ میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرکزخیبر نشاط آبادمیں مفتی عبدالرحمن عابد نے جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مطیع الرحمان نظامی کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی دی گئی۔بنگلہ دیش بھارتی سازشوں کا مرکز بن چکا ہے۔1971ء میں ملک سے وفاداری کرنے والوں کو بھارتی ایما پر سزائیں دی جا رہی ہیں۔حکومت پاکستان او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پران کی پھانسی کے خلاف آواز بلند کرے‘ خاموشی اختیار کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔ ہمیں اپنے ان محسنوں کی قدر کرنی چاہئے ۔ بھارتی شہ پر پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر