راجہ ریاض کے پی پی چھوڑنے کی اطلاع پر جیالوں کا جشن
فیصل آباد (ویب ڈیسک)پیپلز پارٹی کے سابق رہنما راجہ ریاض کے پارٹی چھوڑنے کی اطلاع پر جیالوں نے جشن منایا جبکہ تحریک انصاف فیصل آباد کے کئی رہنماﺅں نے راجہ ریاض کو لینے کے حوالے سے عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔مقامی اخبار کے مطابق چند روز قبل بنی گالہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماراجہ ریاض نے شاہ محمود قریشی کے ذریعے عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا وعدہ کیا اور 20 مئی کو فیصل آباد جلسے میں اعلان کرنے کا یقین دلایا۔ تحریک انصاف فیصل آباد کے مقامی رہنماجلسے کے انتظامات پر بریفنگ دینے کے لئے بنی گالہ گئے تو 10 سے زیادہ رہنما عمران خان کے سامنے راجہ ریاض کے خلاف پھٹ پڑے اور راجہ ریاض کے گیس چوری کے مقدمہ جیسے کئی الزامات کے ثبوت بھی کپتان کو پیش کئے اور دعویٰ کیا کہ راجہ ریاض کی شمولیت سے تحریک انصاف کو نقصان ہو گا۔دوسری جانب راجہ ریاض پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف کا ہونے کی خبر کی آف دی ریکارڈ تصدیق کر رہے ہیں اور وہ 20مئی کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسہ کے دوران عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان کرینگے۔دوسری جانب راجہ ریاض کے پیپلز پارٹی چھوڑنے کی اطلاع پر جناح کالونی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا اور سابق سینئر صوبائی وزیر کے پوسٹر پر جوتے بھی برسائے۔ راجہ ریاض کا کہنا تھاپیپلزپارٹی کی سینئر قیادت سے اختلافات کے باعث پیپلزپارٹی چھوڑنے پر مجبور ہو ا ہوں ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے میرا کوئی اختلاف نہیں تھا۔