سول کورٹ نے سیکرٹری خزانہ پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

سول کورٹ نے سیکرٹری خزانہ پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے
سول کورٹ نے سیکرٹری خزانہ پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

  

لاہور(نامہ نگار)سول جج طارق خان نے عدالت کے حکم کے باوجود ڈگری کی رقم ٹھیکیدار کو ادا نہ کرنے پر سیکرٹری خزانہ پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے سیکرٹر ی خزانہ کو 30 مئی کو طلب کیا ہے۔سول جج طارق خان کی عدالت میں اقبال ٹاون کے ٹھیکیدار عبدالرزاق نے پچیس لاکھ کی ڈگری پر عمل درآمد کے لئے اجراءدائر کی۔ عدالت میں عبدالرزاق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے سیکرٹری خزانہ کو ٹھیکیدار کو 25 لاکھ کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، اس طرح سیکرٹری خزانہ توہین عدالت کے مرتکب ہو ئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے سیکرٹری کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اس پر عدالت نے ان کے 30 مئی کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عبدالرزاق کا موقف تھا کہ اس نے عبدالرحمن شہید روڈ کی تعمیر کی لیکن بعد میں اس کو رقم ادا نہ کی گئی اس کو 25 لاکھ کی رقم دلوائی جائے،جس پر عدالت نے ڈگری جاری کی تھی۔

مزید : لاہور