آئندہ بجٹ میں ہارٹی کلچر کے شعبہ کیلئے خصوصی پیکیج متعارف کرایا جائے، احمد جواد
اسلام آباد (اے پی پی) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان ( ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل قائمہ کمیٹی کے چیئرمین احمد جواد نے وزارت خزانہ پر زور دیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ہارٹی کلچر کے شعبہ کیلئے خصوصی پیکیج متعارف کروایا جائے جس سے شعبہ کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مراعات کے خصوصی پیکیج سے ہارٹی کلچر کے شعبہ کی کارکردگی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اضافہ کیا جا سکے گا ، شعبہ کی برآمدات میں اضافہ کیلئے برآمدکنندگان کو برآمدات کی مالیت پر 10 فیصد کے مساوی ریبیٹ دیا جائے جبکہ شعبہ کی مصنوعات کو نئی منڈیوں میں متعارف کروانے والے برآمدکنندگان کیلئے 15 فیصد کی سبسڈی دی جائے جس سے نئی منڈیوں کی تلاش اور برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ احمد جواد نے مزید کہا کہ ہارٹی کلچر کے شعبہ کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس میں بھی چھوٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ شرکت داری کے تحت پھلوں اور سبزیوں کی منڈیوں تک با آسان ترسیل اور محفوظ بنانے کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات میں اضافہ کیلئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی فروغ کیلئے بھی جامع اقدامات کئے جائیں۔
احمد جواد نے کہا ہارٹی کلچر کے شعبہ کیلئے آئندہ بجٹ میں مراعات کو متعارف کرا کر دیہی معیشت کی ترقی میں نمایاں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔