جنرل ہسپتال میں شام کی آؤٹ ڈور شفٹ کا باقاعدہ آغاز

جنرل ہسپتال میں شام کی آؤٹ ڈور شفٹ کا باقاعدہ آغاز

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے ہیلتھ ویژن"معیاری و بلا امتیاز علاج سب کے لئے"کے تحت لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے مریض دوست انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ہسپتال میں 2بجے دوپہر سے رات 8بجے تک کی ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ اس شفٹ کے دوران تمام طبی شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز مریضوں کے علاج کیلئے موجود ہوں گے۔ ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ کے لئے سنیئر ڈاکٹرز سمیت سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے ہسپتال انتظامیہ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر، ڈائریکٹر شعبہ بیرونی مریضاں ڈاکٹر منزہ کوکب، ڈاکٹر جعفر شاہ ،ڈاکٹر شیراز انجم اور دیگر انتظامی ڈاکٹروں نے شرکت کی ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے ہدایت کی کہ عام شہریوں کو اس سہولت کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے تمام ابلاغی ذرائع استعمال کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افرادایوننگ آؤٹ ڈورشفٹ سے استفادہ کرتے ہوئے سنیئر ڈاکٹرز کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر نے کہا کہ اس اقدام سے عام لوگوں کو محض ایک روپے کی پرچی کے عوض مستند ڈاکٹروں کی خدمات میسرآئیں گی۔ ایم ایس نے مزید بتایا کہ آؤٹ ڈور مریضوں کی سہولت کیلئے فارمیسی بھی صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک مسلسل 12گھنٹے کھلی رہے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -