ششانک منوہر کی حمایت ، جائلزکلارک شہریار خان سے ناراض

ششانک منوہر کی حمایت ، جائلزکلارک شہریار خان سے ناراض
ششانک منوہر کی حمایت ، جائلزکلارک شہریار خان سے ناراض

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لندن (آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی جانب سے آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی حمایت کرنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک خوش نہیں ہیں اور اس کے نتیجے میں انٹرنیشنل الیون کا مجوزہ دور ہ پاکستان بھی متاثر ہوسکتا ہے۔دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے متعدد ارکان نے بھی یہ شکایت کی ہے کہ شہریار خان نے ششانک منوہر کی حمایت کے فیصلے کے سلسلے میں انھیں اعتماد میں نہیں لیا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی حالیہ اجلاس میں حمایت کی تھی۔شہریار خان کا موقف یہ ہے کہ ششانک منوہر نے بگ تھری کے خاتمے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس سال جون میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں نئے آئین کی منظوری سے بگ تھری کو اس کے منطقی انجام تک پہنچادیا جائے۔لیکن اس حمایت کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک کی حمایت سے دور ہوتا جا رہا ہے جو پاکستان ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں اس سال جنوری میں لاہور کا دورہ کر چکے ہیں جہاں انھوں نے پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ اس سال ستمبر میں جائلز کلارک کے توسط سے ہی انٹرنیشنل الیون پاکستان لانا چاہتا ہے جو تین میچ کھیلے گی لیکن جائلز کلارک کی ناراضی اس دورے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔جائلز کلارک ششانک منوہر کے آئی سی سی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفے کے بعد چیئرمین بننے کے خواہش مند تھے لیکن ششانک منوہر کی جانب سے استعفیٰ واپس لینے کے سبب ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی اور انھیں آئندہ سال الیکشن تک انتظار کرنا ہو گا۔