پی سی بی مصباح الحق کو آئی سی سی میچ ریفری بنانے کا خواہش مند
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو آئی سی سی میچ ریفری کیلئے نامزد کرنا چاہتے ہیں تاہم اس فیصلے کا اختیار خود مصباح الحق کے پاس ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان کے کچھ زیادہ کرکٹرز آئی سی سی میچ ریفری نہیں بنے تاہم اگر مصباح الحق اس بارے میں رضامندی ظاہرکریں تو انہیں خوشی ہوگی۔اب یہ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان کا فیصلہ ہوگا کہ وہ کمنٹری کی جانب متوجہ ہوتے ہیں یا اپنی خاموش طبیعت کے عین مطابق پی سی بی کی اس رائے کا احترام کرتے ہوئے میچ ریفری بننے کو ترجیح دیتے ہیں۔پاکستان کے لیے اب تک ماجد خان ،کرنل (ر)نوشاد، وسیم حسن راجا،نسیم الغنی،اظہر خان اور ویسٹ انڈیز میں قومی ٹیم کے منیجرکے فرائض انجام دینے والے طلعت علی ملک آئی سی سی میچ ریفری کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔اس وقت بین الاقوامی کرکٹ میں آسڑیلیا کے ڈیوڈ بون،انگلینڈ کے کرس براڈ،نیوزی لینڈ کے جیف کروو،سری لنکا کے رنجن مدوگالے،جنوبی افریقا کے اینڈی پائی کرافٹ،بھارت کے جواگل سری ناتھ اور ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔