ابوبکر البغدادی جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار ہو گیا: عراقی فوج

ابوبکر البغدادی جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار ہو گیا: عراقی فوج

  

بغداد (این این آئی)عراق میں انسداد دہشتگردی فورس کے آپریشنل چیف جنرل معن السعدی نے کہا ہے کہ داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابو بکر البغدادی جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار ہوگیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل معن السعدی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے موصل میں الاصلاح الزراعی کالونی کو داعش سے چھڑا لیا ہے ٗیہ کالونی دہشت گردوں کا تزویراتی مرکز تھی اور وہ اسے اپنے جنگجوؤں کو یہاں مجتمع کرکے فوج کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کررہے تھے اس کالونی پر عراقی فوج کے کنٹرول کے نتیجے میں داعش کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی جنگ میں پہلی جیسی شدت نہیں رہی۔ایک سوال کے جواب میں جنرل السعدی نے کہا کہ موصل میں شکست کے بعد داعش بدترین پھوٹ کا شکار ہے۔ داعش کے ہاتھ سے اس کا پہلا دارالحکومت چلا گیا ہے ٗ داعش کے قبضے میں مغربی موصل کی بچ جانے والی کالونیاں بھی زیادہ دیر تک دہشت گردوں کے قبضے میں نہیں رہیں گی ٗداعش ایک کے بعد دوسری کالونی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ موصل میں گھیرا تنگ ہونے کے بعد داعش عراق سے فرار کی راہی تلاش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ داعشی خلیفہ ابو بکر البغدادی اپنے جنگجوؤں کو مرنے یا گرفتار ہونے کے لیے تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار ہوگیا ہے تاہم البغدادی کے اگلے ٹھکانے کا علم نہیں ہوسکا ۔

مزید :

عالمی منظر -