گوالمنڈی :اندھے قتل کا مرکزی ملزم، ٹارگٹ کلراور سہولت کار گرفتار

گوالمنڈی :اندھے قتل کا مرکزی ملزم، ٹارگٹ کلراور سہولت کار گرفتار

  

لاہور(خبرنگار )سی آئی اے سٹی پولیس نے گوالمنڈی کے علاقے میں شہری ملک شفاء کو سر میں گولی مار کر قتل کرنے کی واردات میں ملوث 4ملزم گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔انسپکٹر سجوار طارق اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے مرکزی ملزم اظہر بٹ سمیت اس کے 3 ساتھیوں زاوید ، حاجی وقار اورحسن شاہ کو گرفتار کر لیا ۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم اظہر بٹ اور حاجی وقار نے نعمت شاہ سے العمران ہوٹل واقع ریلوے اسٹیشن لاہور ٹھیکہ پر لیا تھا۔ مقتول ملک شفاء کا ملزم اظہر بٹ کے ساتھ لین دین کا معاملہ تھا اور اظہر بٹ سے العمران ہوٹل بھی حاصل کرنے کے لیے نعمت شاہ کو اکساتا تھا جس کی وجہ سے نعمت شاہ بار بار ملزم اظہر کو بے عزت کرتا تھا اور اسی رنجش کی وجہ سے اظہر بٹ نے ملک شفاء اور نعمت شاہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ملزم حاجی وقار نے نعمت شاہ کو قتل کرنے کے لیے شوٹر زاوید علی سے ملزم اظہر بٹ کی ڈیڑھ لاکھ روپے میں ڈیل کروائی۔ ملزم زاوید علی نے اپنی ڈیل کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے العمران ہوٹل میں گھس کر نعمت شاہ پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا،ادھراظہر بٹ نے ملک شفاء پرحملہ کیا اور سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگاکر ملزموں کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -