گوادر میں دہشت گردوں کے مزدوروں پر حملے ،10شہید،5شدید زخمی

گوادر میں دہشت گردوں کے مزدوروں پر حملے ،10شہید،5شدید زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گوادر (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مستونگ میں خودکش دھماکے کے بعد امن دشمنوں نے گوادر کو بھی نشانہ بنا ڈالا۔ بزدل دہشت گرد وں کی مزدوروں پر فائرنگ سے 10 مزدور شہید جبکہ 5زخمی ہو گئے۔ جنہیں فرنٹیئر کور نے طبی امداد کیلئے فوری طورپر گوادر منتقل کر دیا جہا ں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، سفاک درندوں نے گوادر کے علاقے پشکان اور گنت میں سڑک تعمیر کرنیوالے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے معصوم افراد کو لائن میں کھڑا کر کے اندھا دھند گولیاں برسائی گئیں، شہید ہونیوالے تمام افراد کا تعلق سند ھ کے شہر نوشہرو فیروز کی تحصیل کنڈیارو سے تھا۔بعدازاں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ کرکٹ گراؤنڈ گوادر میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے بھی شرکت کی۔ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے آٹھ بدقسمت افراد کنڈیارو کے گاؤں صدیق لاکھو کے رہائشی تھے جن میں تین بھائی رسول بخش، حضور بخش اور محمد حکیم شامل تھے۔شہید آصف اور ظہیر کی ایک ماہ پہلے شادی ہوئی تھی جبکہ صدام اور رسول بخش ایک ماہ بعد شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے۔ شہداء کی میتیں آبائی علاقہ روانہ کر دی گئیں، فرنٹیئر کور نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سر چ آپریشن شروع کر دیاہے۔صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مزدوروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گر د و ں نے بے گناہ مزدوروں پر حملہ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا ، دہشت گردوں نے کسی سندھی ،بلوچی یا پنجابی کو نہیں پاکستانیوں کو شہید کیا ہے اور ان د ہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچا ئیں گے۔ دہشت گرد بلوچستان میں ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔انہوں نے گوادر حملے کی رپورٹ سا ت دن میں طلب کرتے ہوئے سانحہ مستونگ میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو بھی امداد دینے کا اعلان کیااور کہاکہ ان دونوں واقعات میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنیوالے کو ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -