ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست جمہوریت کیلئے زہر قاتل ہے،نثار

ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست جمہوریت کیلئے زہر قاتل ہے،نثار

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے ملک میں ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست کا ٹھیکہ اٹھا لیا ہے اس قسم کی سیاست اور بلاجواز محاذ آرائی جمہوریت کیلئے زہر قاتل ہے، یہ طرز عمل ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے، افراتفری اور انتشار جمہوریت کے مفاد میں ہے نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے۔ فیصلے منتخب پارلیمان ، اعلی عدالتوں اور عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں گلیوں اور چوراہوں پر نہیں،مخالفین کے پاس پارٹیاں بدلنے اور جھوٹے ،پرفریب وعدوں کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں، ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے اور ہر در پر سلامی دینے والے علاقے کے عوام کے وفادار نہیں ہو سکتے۔وزیر داخلہ نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز حلقہ این اے52 اور 53 میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر داخلہ کہا کہ کارکردگی جھوٹے وعدوں اور بے سروپا تقریروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ظاہر ہوتی ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں ان دو حلقوں کیلئے تیس ارب سے زائد کے ترقیاتی کام علاقے کے عوام سے ہمارے خلوص، کمٹمنٹ اور خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں بلند وبانگ دعووں ، کھوکھلے نعروں اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کی روش اختیار کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ 2018 میں اپنی بقا کی جنگ لڑنے والے عوام کو گمراہ کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں گے ایسے عناصر کو اپنی عوامی خدمت اور کارکردگی کے بل بوتے پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کے الزامات، بہتان تراشیوں اور جھوٹے وعدوں کے مقابلے میں ہم نے علاقے میں سڑکوں، پلوں، سکول، ہسپتالوں، بجلی گیس ، پانی، موٹر وے اور سی پیک منصوبوں جیسے عملی اقدامات کیے ہیں جو ہر الیکشن میں مخالفین کی تدبیروں کو دریائے سواں میں دفن کر دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ، مسلمانوں کیلئے کھڑا ہونا میرے ایمان کا حصہ ہے، ہر اس شخص کی حمایت کروں گا جس پر مسلمان ہونے کی وجہ سے الزام لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا جب حکومت میں ہوتا ہوں تو کوشش کرتا ہوں کہ ترقی ہو اور انصاف ہو، پینتیس سال سے سیاست میں ہوں بہت بار مجھے خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میری پارٹی سے وفاداری میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، جھوٹا ہوں نہ ہی جھوٹے لوگوں کو پسند کرتا ہوں ، پارٹی قیادت کے سامنے بھی ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں سابق ناظمین، نائب ناظمین اور کونسلرز شامل ہیں ۔

چودھری نثار

مزید :

صفحہ اول -