نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چین کے ذریعے توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرینگے :شہباز شریف
لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے او ر بجلی کا سب سے بڑا صارف بھی ہے۔توانائی کی طلب ا وررسد میں خلا کو پر کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے صوبے میں بجلی کی پیداوار کیلئے فوری کاوشیں و اقدامات شروع کئے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں کوئلے ،گیس، سولر، ہائیڈرو اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کیا جا رہاہے 1320 میگا واٹ ساہیوال کول پاور پلانٹ مکمل ہوچکاہے اور اس سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگیاہے جبکہ دیگر منصوبوں میں 660میگاواٹ کامظفرگڑھ پاور پلانٹ، رحیم یارخان میں 1320 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ اور 660میگا واٹ کول پاور پلانٹ جبکہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں1000 میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ شامل ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ توانائی کے ان منصوبوں کے لئے چین کے مالیاتی ادارو ں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کوفوری ریلیف کی فراہمی کے لئے آف گرڈ سولر پاور سلوشنز کا بھی آغاز کیاہے۔وزیراعلی اجالا پروگرام کے تحت بجلی سے محروم گھروں کو سولر ہوم سلوشنز فراہم کئے جا رہے ہیں۔سرکاری اداروں میں شمسی توانائی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ صوبے میں 20ہزار بجلی سے محروم سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام بنایاگیاہے ۔بنیادی مراکز صحت کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بہت سی چینی کمپنیوں کے ساتھ مل کر توانائی کے متعدد منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔حکومت پنجاب او رچینی سرمایہ کارو ں کے مابین بہترین اشتراک کار موجود ہے۔ہم نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چین کے ذریعے پنجاب میں توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے ۔ شہبازشریف نے بیجنگ میں ملاقات کے موقع پر چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کو ون بیلٹ ون روڈ فورم کے انعقاد پر مبارکباد دی اورچینی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ فورم خطے میں امن،ترقی اورخوشحالی لائے گااور میں ون بیلٹ ون روڈ فورم کے انعقاد پر چین کی قیادت کو مبارکباددیتاہوں۔پاکستان ون بیلٹ ون روڈ فورم کے تاریخی اقدام کی بھرپور حمایت کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکمیل سے خطے میں تاریخ کا دھارا بدل جائے گااورپاکستان میں سی پیک کے باعث سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال کو ل پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیدا وار شروع ہونے پر چینی وزیراعظم کو مبارکباددی۔شہبازشریف نے بیجنگ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک ترک تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہیلتھ کےئر سسٹم میں بہتری کیلئے بھر پور تعاون پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہار تشکر کیا ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بیجنگ میں اپنے عزیز بھائی رجب طیب اردوان سے ملاقات کی دلی مسرت ہوئی ہے اورمیں اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔
شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاشت کاروں کے مفادات کاتحفظ کیاہے اوراس ضمن میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح وبہبود اورریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا پیکیج دیاہے جس کے زرعی شعبہ پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم اورکسان بھائیوں کی محنت کے باعث رواں برس گندم کی شاندار فصل ہوئی ہے۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کپاس کی بوائی کے سیزن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی،غذائی خود کفالت اور کاشتکاروں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اورحکومت نے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے اوربھرپور پیداوار کے حصول کے لئے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں۔ شہبازشریف نے بیجنگ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر مدت میں ساہیوال کول پاورپراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغازبہت بڑی کامیابی ہے اورمیں ساہیوال کو ل پاورپراجیکٹ سے بجلی کی پیدا وار شروع ہونے پر پوری قوم کو مبارکباددیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے نے کم مدت میں بجلی کی پیداوار کر کے نہ صرف دنیا بلکہ چین کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ساہیوال کول پاور پلانٹ سے بجلی کے آغاز کی خبر نے میرے دورہ چین کی خوشیوں کو مزید دوبالا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس رفتار اورمعیار کیساتھ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کیا گیا ہے اسکی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی ۔وزیراعظم محمد نوازشریف 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا اسی ماہ افتتاح کریں گے اوراس منصوبے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہوگا۔