تعلیم کو عام کرنا موجودہ صوبائی حکومت کا خاص فوکس ہے ،انیسہ زیب

تعلیم کو عام کرنا موجودہ صوبائی حکومت کا خاص فوکس ہے ،انیسہ زیب

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کی وزیر محنت و معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی سے آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے آج پشاور میں ملاقات کی اور ان سے نجی تعلیمی اداروں کیلئے صوبائی حکومت جانب سے لانے والے ریگولیٹری اتھارٹی بل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی سربراہی صدر پرائیویٹ مینجمنٹ انسٹی ٹیوشن ایسوسی ایشن خواجہ یاور نصیر کر رہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں فضل اللہ داؤد زئی ، ذاکر شاہ ، ملک محمد سرفراز ، مبشر حسین اور میجر (ریٹائرڈ) حفیظ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مزدور رہنما فقیر حسین بھی موجود تھے۔ملاقات میں پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر کو صوبائی حکومت کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے سلسلے میں لانے والے بل کے بارے میں نجی تعلیمی اداروں کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مذکورہ بل لانے میں پرائیویٹ سیکٹر کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کی معروضات پر غور کیا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں پرائیویٹ سیکٹر کا اہم کردار رہا ہے اور ہم پرائیویٹ سیکٹر کی مدد کے بغیر ملینیم ڈیویلپمنٹ گولز (MDG,s) کے اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنے پر موجودہ صوبائی حکومت کا خاص فوکس ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام نھیں اٹھایا جائے گا جس سے تعلیم کے فروغ پر منفی اثرات پڑیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری ترجیح رہی ہے کہ تعلیم ہر جگہ اور ہر کسی کیلئے یکساں فراہم ہو۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کے تحفظات و معروضات کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ساتھ زیر بحث لائیں گی اور امید ظاہر کی کہ پرائیویٹ سکولوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -