پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل پر عمل پیرا ہے ،مراد سعید

پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل پر عمل پیرا ہے ،مراد سعید

  

سوات (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری وممبر قومی اسمبلی مراد سعید اوروزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے ، صوبے سے کرپشن کے خاتمے ، میرٹ اور قانون کی بالا دستی قائم رکھنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں سوات سمیت پورے خیبر پختونخوا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے میں مکمل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے دور رس نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سوات سیگرام میں واٹر سپلائی اور بجلی سپلائی سکیموں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیم پر ایک کروڑ 78لاکھ روپے جبکہ بجلی کی سکیم پر 20لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور ان کی تکمیل سے علاقے کے پانی اور بجلی جیسے دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہو گا۔اس موقع پر پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر فضل مولا ، پی ٹی آئی سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان ، عبد القدیر خان اور پارٹی کے ضلعی و مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔مراد سعید اور محب اللہ خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو کرپشن ، بد عنوانی جیسے عفریتوں نے صوبے پر مکمل کنٹرول رکھا ہوا تھا مگرپی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے کو ان عفریتوں سے پاک کرنے کیلئے ان کے خلاف اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کیا جس کی بدولت آج صوبے کے عوام سکھ کا سانس لے رہے ہیں اور صوبے کا ہر ادارہ نہ صرف کرپشن سے پاک کر دیا گیا ہے بلکہ اب تمام تر کام صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور اب وہ کسی کے بہکاوے میں آنے کی بجائے اپنے اور ملک کے مفاد میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک پر عوامی ووٹ کی طاقت سے اپنے ملک و قوم کی خدمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاق صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور ہمارے صوبے کو اس کے جائز حقوق نہ دے کر صوبے اور یہاں کے عوام کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھنے کی سازش کر رہا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور کسی بھی قیمت پر یہاں کے عوام کو محرومیوں کی دلدل سے نکال کر ایک پائیدار اور پر امن ماحول میں تیز تر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -