مسلمانوں کو لڑانے کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنایا گیا:اسد اللہ بھٹو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان علماء ومشائخ کونسل کے ایک وفد نے مرکزی صدر شیخ مبشر عالم کی قیادت میں جماعت اسلامی سندھ کے دفتر قباء آڈیٹوریم پہنچ کر مرکزی نائب امیر و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز ، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا جبکہ علماء ومشائخ کونسل کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ سجاد شبیر رضوی ، ترجمان رضی حیدر رضوی ، علامہ عبداللہ جونا گڑھی، مولانا سید حمید حسینی ، دانش عابدی اور وصی حیدر بھی وفد میں شامل تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی سمیت مشترکہ دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کے علاوہ اتحاد امت کے ذریعے سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے پر زور دیا۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کیلئے امام بارگاہوں مساجد و مدارس میں بم دھماکے کرائے گئے اور سانحہ بولٹن مارکیٹ سے لیکر مستونگ واقعہ اسی سلسلے کی کڑیا ں ہیں، لیکن تمام مسالک کے علماء نے منبر و محراب سے اتحاد امت کا پیغام دیا ہے اور دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ حالیہ واقعہ میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء نے مشترکہ و انفرادی طور پر ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ قرآن میں ایک آدمی کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل کہا گیا ہے اسلئے دہشت گردوں کو اسلام سے جوڑنا حماقت ہے۔ انہوں نے کہا رمضان کا مہینہ اتحاد امت کا پیغام لیکر آرہا ہے۔ علماء مشائخ کونسل کے سیکریٹری جنرل سجادشبیر رضوی نے کہا کہ اتحاد امت ایک نعمت ہے اور اس کو منبر و محراب سے لیکر محلے تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شیخ محمد مبشر عالم نے کہا کہ سامراجی قوتیں کسی ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت کے دشمن ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے علماء ومشائخ کے وفد کو صوبائی دفتر آمد پر خوش آمدید اور ان کی اتحاد امت کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اسلام و پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کاسب کو ملکر مقابلہ کرنا چاہیے ۔دریں اثناء وفد میڈیا سیل سندھ کا دورہ بھی کیا۔