پاک اٹلی ثقافتی تعلقات بہت ضروری ہیں ،گورنر سندھ

پاک اٹلی ثقافتی تعلقات بہت ضروری ہیں ،گورنر سندھ

  

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی ملک و قوم کی پہچان اور اس کے فروغ کے لئے بھرپور کوششیں بہت ضروری ہیں، پاک اٹلی ثقافتی تعلقات دونوں ممالک اور خطہ کے لئے ناگزیر ہیں ،پاکستانی حکومت بھی ثقافت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ، اٹلی کے 71 ویں قومی دن کے موقع پر اٹلی کے عوام کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اٹلی کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں امریکی قونصل جنرل ، پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا ، معروف صنعت کار وں تاجروں سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمد زبیر نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام سے معاشی و اقتصادی ، غیر ملکی سرمایہ کاری، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، اب شہر کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں گذشتہ روز سفارت کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شہر کے مثبت امیج کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی تاکہ سفارت کاروں کو اصل صورتحال کا واضح اندازہ ہوسکے اور اجلاس کا مقصد بھی کراچی کی اصل صورتحال کو سامنے لانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے قومی دن کے موقع پر تقریب میں ثقافت کو ایک منفرد انداز میں پیش کیا گیا تاکہ لوگ اٹلی کی ثقافت میں بھرپور دلچسپی لے سکیں ۔ تقریب سے خطاب میں قونصل جنرل اٹلی نے کہا کہ اٹلی کے آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے اور اسے پاکستان میں متعارف کرانے کے لئے تقریب میں ثقافتی اشیاء ، لباس اور ماحول کو اس کی اصل روح کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ۔تقریب کے آغاز سے قبل دونوں ممالک کے قومی ترانوں کو ایک نئے انداز تبلا اور پیانوں کی دھن پر پیش کیا گیا ، تقریب میں ثقافتی لباس ، اٹلی کی تاریخ ماضی اور حال کے آئینہ میں تصاویر کے ساتھ تحریروں سے مزین تھیں ویسپا کومنفرد خوبصورت انداز میں رکھا گیا تھا ، اٹلی کے قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو تقریب میں رکھی جانے والی ثقافتی اشیاء سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -