ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو نان سیلری بجٹ کی مد میں 8ارب 38کروڑ 78لاکھ روپے جاری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) محکمہ خزانہ نے پانچ ماہ بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو نان سیلری بجٹ کی مد میں 8 ارب 38 کروڑ 78 لاکھ روپے جاری کردیئے، محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ہر سکول کو بچوں کی تعداد کے مطابق بجٹ جاری ہوگا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتتھارٹیز کے ذرائع کے مطابق نان سیلری بجٹ سکولوں کی تزئین و آرائش ،اور سکولوں کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے قیام کے بعد پہلی بارمحکمہ خزانہ نے سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں 8 ارب 38 کروڑ 78 لاکھ روپے کا بجٹ جاری کیا ہے ۔ لاہور کے سرکاری سکولوں کیلئے 13 کروڑ 94 لاکھ 16 ہزار روپے جاری ہوئے۔ فیصل آباد کے سکولوں کیلئے 26 کروڑ 42 لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔جھنگ کیلئے 13 کروڑ 12 لاکھ روپے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کیلئے 12 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔اسی طرح چنیوٹ کو نان سیلری بجٹ کی مد میں 5 کروڑ 92 لاکھ روپے، ملتان کے سکولوں کیلئے 45 کروڑ 97 لاکھ روپے، قصور کیلئے 12 کروڑ 54 لاکھ روپے کا نان سیلری بجٹ جاری کیا گیا ہے ۔اسی طرح بھکر کیلئے 13 کروڑ 29 لاکھ روپے، گوجرانوالہ کو 16 کروڑ 34 لاکھ روپے، حافظ آباد کیلئے 6 کروڑ 34 لاکھ، خانیوال کیلئے 21 کروڑ 55 لاکھ ، خوشاب کیلئے 8 کروڑ 45 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نان سیلری بجٹ جاری ہونے سے فی سکول 20 سے 30 لاکھ روپے جاری ہونگے اور محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کئے گئے نان سیلری بجٹ سکولوں کی تعمیرومرمت پر خرچ کیے جائیں گے۔