بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت کیلئے خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق جاری
ملتان(نیوز رپورٹر)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کی جانب سے ملتان سمیت ملک بھر میں رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو امدادی رقوم کی شفاف فراہمی کیلئے خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کا آغاز کردیا ہے۔پہلے مرحلہ میں ڈسٹرکٹ ملتان،خانیوال،وہاڑی اور لودھراں میں رجسٹرڈ (بقیہ نمبر43صفحہ12پر )
خواتین کی بائیو میٹرک تقریباً مکمل کرلی گئی ہے جبکہ مظفرگڑھ اور ڈی جی خان و ملحقہ علاقوں کی خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل جاری ہے ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ جون2017ء تک بائیو میٹرک کے عمل کو مکمل کیا جائے جس پر عمل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ملتان کے ایک لاکھ37ہزار مستحق خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پوسٹل سروس کے ذریعے امدادی رقوم لینے والی40ہزار خواتین کو بھی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد یوبی ایل کی اومنی فرنچائز کے ذریعے امداد رقوم فراہم کی جائیں گی ذرائع نے بتایا کہ ملتان ڈسٹرکٹ میں اس وقت یوبیایل کی35فرنچائز بی آئی ایس پی کی رجسٹرڈ خواتین کو امدادی رقوم بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ادائیگی کررہی ہیں ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ خاندانوں کو ہر تین ماہ کے بعد4ہزار834روپے فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ پروگرام کے آغاز میں3ہزار روپے ہر تین ماہ بعد ادا کئے جاتے تھے لیکن ہر بجٹ کے بعد اس امدادی رقوم میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے توقع ہے کہ حالیہ بجٹ میں بھی امدادی رقوم میں اضافہ کیا جائے گا۔